سرینگر: ” انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ“ کی فاروق عبداللہ سے 3گھنٹے تک پوچھ گچھ
سرینگریکم جون (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی تحقیقاتی ادارے ”انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ“ نے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے کرکٹ ایسوسی ایشن میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں سے متعلق کیس میں تین گھنٹے سے زائد وقت تک پوچھ کچھ کی ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ جو بھارتی پارلیمنٹ کے رکن بھی ہیں سے سرینگر کے علاقے راجباغ میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے دفتر میں پوچھ گچھ کی گئی۔وہ منگل کے روز صبح گیارہ بجے کے قریب انفورسمنٹ(ای ڈی) دفتر پہنچے جہاں ان سے تین سے زائدگھنٹے تک سوالات کیے گئے۔ ای ڈی دفتر میں جانے سے قبل انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اپنی پوچھ گچھ کو مقبوضہ علاقے میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے جوڑ دیا اور کہا کہ جب تک انتخابات نہیں ہوتے وہ اس وقت تک ہمیں پریشان کرتے رہیں گے۔ قریباً ساڑھے تین گھنٹے بعد ای ڈی دفتر سے نکلتے وقت وہ پر سکون نظر آئے تاہم انہوںنے میڈیا کے سوالات کاجواب دینے سے انکار کر دیا۔یاد رہے کہ فاروق عبداللہ 2012سے 2021تک جموںوکشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر تھے ۔ ای ڈی پہلے ہی فاروق عبداللہ کی11کروڑ 86 لاکھ روپے کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کر چکا ہے۔