سید علی گیلانی کو مزاحمتی جدوجہد کی علامت کے طورپر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا: پروفیسر سوز
سرینگر 05 ستمبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں سابق بھارتی وزیرپروفیسر سیف الدین سوز نے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا انتقال کشمیر ی کے لئے ایک بڑا نقصان ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پروفیسر سیف الدین سوز نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم رہنما کے لئے مغفرت کی دعا کی۔ انہوں نے سید علی گیلانی کو عوامی رہنماقراردیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بااثر مذہبی رہنما اور ایک شاندار استادتھے جن کو اردو اور عربی زبانوں پر عبور حاصل تھا۔ انہوں نے سید علی گیلانی کی رحلت کو کشمیری عوام کے لئے ایک بہت بڑا نقصان قراردیتے ہوئے کہاکہ ان کے انتقال سے پیدا ہونے والے خلاءکو ایک طویل عرصے تک پورا نہیں کیا جا سکتا۔ پروفیسر سوز نے سید علی گیلانی کو سیاسی عزم اورعظیم عوامی رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں جموں و کشمیر میں مزاحمتی جدوجہد کی علامت کے طورپر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔