ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس کی طرف سے تیستا سیتلواڈ کی گرفتاری کی مذمت
بنگلور28جون (کے ایم ایس)
بھارتی ریاست کرناٹک میں ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس نے کہاہے کہ انسانی حقوق کی علمبرداراور گجرات فسادات کے متاثرین کو انصاف دلانے کیلئے کوشاں سماجی کارکن تیستا سیتلواڈ اور گجرات کے سابق ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آربی سری کمار کی گرفتاری "انصاف کا گلا گھونٹنے” کے مترادف ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس کرناٹک شاخ نے ایک بیان میں تیستا سیتلواڈ اور سری کمارکی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔اے پی سی آر کرناٹک شاخ کے جنرل سکریٹری ایڈووکیٹ محمد نیاز نے بیان میں کہا کہ "یہ بات ناقابل قبول ہے کہ شہریوں کو انصاف دلانے کے لیے جدوجہدکرنے والے کارکنوں پر ثبوت گھڑنے اور خصوصی تحقیقاتی ٹیم کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا جائے”۔انہوں نے دونوں کارکنوں پر لگائے گئے جھوٹے الزامات واپس لینے ، انکی رہائی اور انہیں ہراساں نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔محمد نیاز نے کہا کہ تیستا نفرت اور فرقہ واریت کے خلاف ایک مضبوط آواز ہیں اور انسانی حقوق کا دفاع کرنا کوئی جرم نہیں ہے۔