مقبوضہ کشمیر: امرناتھ یاترا کے نام پر سخت سیکورٹی کے باعث لوگوں کی مشکلات میں اضافہ
سرینگر02 جولائی (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض انتظامیہ کی طرف سے ہندو یاتریوں کی سیکورٹی کے نام پر عوامی نقل و حرکت پر عائد کی جانے والی سخت پابندیوں کی وجہ سے ضلع اسلام آباد میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور انکا کاربار بری طرح متاثر ہوا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقامی لوگوں نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ یاترا کے راستوں میں بڑی تعداد میں بھارتی فورسز اہلکارتعینات کیے گئے ہیں اور مقامی لوگوں کو ان راستوں پر چلنے کی بالکل اجازت نہیں دی جا رہی ۔ انہوںنے کہا کہ سخت پابندیوں کے باعث وہ سخت مصائب سے دوچار ہو چکے ہیں اور انکا کاروبار اور روز مرہ کے دیگر کام شدید مثاثر ہیں۔ایک پیدل چلنے والے مقامی شخص اور ایک بھارتی پیرا ملٹری اہلکار کے درمیان جھگڑے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ شخص سڑک پار کرنا چاہتا تھا لیکن اسے ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ یاترا شروع ہونے بعد ان کا کام بالکل ٹھپ ہو گیا ہے۔ ایک شخص نے سری نگر جموں ہائی وے پرٹریفک جام کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ اگر لاو¿ڈ سپیکر دوسروں کے لیے تکلیف کا باعث ہیں تو یاترا بھی کسی کیلئے مشکلات کا باعث نہیں ہونی چاہیے۔