اقوام متحدہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کیخلاف انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پربھارت کا احتساب کرے، پاکستان
اسلام آباد23فروری(کے ایم ایس )
پاکستان نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اورانسانی حقوق کی متعلقہ بین الاقوامی تنظیموں پرزوردیا ہے کہ وہ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں پر بھارتی حکومت کا احتساب کریں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے بدھ کو 2020کے ہولناک دہلی فسادات کی دوسری برسی اور 1991میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے کنن پوش پورہ گائوں میں کشمیری خواتین کی اجتماعی عصمت دری کے سانحے کو 31 برس پورے ہونے کے موقع پر جاری ایک بیان میں عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی ریاستی سرپرستی میں جاری دہشت گردی رکوانے، مقبوضہ وادی میں غیر انسانی فوجی محاصرہ ختم کرنے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت کا حق استعمال کاحق دینے پر مجبور کرے۔ترجمان نے کہا کہ 2020میں دہلی قتل عام، مسلم کمیونٹی کے ساتھ امتیازی اور غیر انسانی سلوک کرنے کی بھارتی منظم مہم کا سب سے خوفناک مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ متنازعہ قانون شہریت کے خلاف مظاہروں کے دوران بی جے پی کے سینئر رہنمائوں کی جانب سے غداروں کو گولی ماردو کے مکروہ مطالبات مسلمانوں کے خلاف ہندوستان میں ریاستی سطح پر منظور شدہ ہسٹیریا اور نفرت کی شدت کا واضح ثبوت ہیں۔دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے 1991میںمقبوضہ جموں و کشمیرکے کنن پوش پورہ گائوں میںسوکے قریب کشمیری خواتین کی عصمت دری کی تھی اور سانحے کے متاثرین آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔