کشمیری مسئلہ کشمیر کے حل تک اپنی جد وجہد جاری رکھیں گے، دیویندر سنگھ بہل
جموں 19ستمبر ( کے ایم ایس )
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں سوشل پیس فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے کہا ہے کہ کشمیری عوام تنازعہ کشمیر کے اپنی خواہشات کے مطابق حل تک حق پر مبنی اپنی جدوجد جاری رکھیں گے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے جموں میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم منصوبے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے اپنی رپوٹوں میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا پردہ چاک کیا لیکن بھارت کسی بھی عالمی فورم یا ادارے کو خاظر میں نہیں لا رہا اور اس نے نہتے کشمیریوں کے خلاف جبرو استبداد کا سلسلہ مسلسل جاری رکھا ہوا ہے۔ دیویندر سنگھ بہل نے کہا کہ بھارتی فوج کشمیری نوجوانوں کو تحریک آزادی سے دستبردار کرانے کیلئے انہیں طرح طرح کے مظالم کا نشانہ بنا رہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے اور ضد اور ہٹ دھرمی ترک کے مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے پاکستان کے ساتھ بامعنی مذاکرات کرنے چاہئیں جن میں کشمیریوں کی حقیقی قیادت بھی شامل ہو ۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی بین الاقوامی سطح پر وکالت کی اور وہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتا ہے لیکن بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی اس مسئلے کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ایڈووکیٹ دیویندرسنگھ بہل نے عالمی برادری پر زور دیا کہ جنوبی ایشیاءکو پرامن بنانے کیلئے مسئلہ کشمیر کو حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔