بھارتی سپریم کورٹ نے محمد زبیر کی ضمانت کی درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی
نئی دلی07جولائی (کے ایم ایس)
بھارتی سپریم کورٹ نے صحافی اور آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کی ضمانت کی درخواست کو سماعت کیلئے منظور کر لیا جس پر کل (جمعہ ) کوسماعت ہو سکتی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کو دلی پولیس نے 27جون کو 2018میں انکے ٹویٹ میں مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔بھارتی سپریم کورٹ کے جسٹس اندرا بنرجی کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے محمد زبیر کی درخواست کو سماعت کیلئے منظور کرلی ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس کی اجازت ملنے کے بعد مقدمے کو کل سماعت کیلئے مقرر کیاجاسکتا ہے ۔سینئر ایڈوکیٹ کولون گونزالوس نے محمد زبیر کی طرف سے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نفرت آمیز بیانات دینے والے لوگ زبیر کو قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے بنچ سے آج ہی اس مقدمے کی سماعت کی درخواست کی کیونکہ یہ معاملہ عدالت کی فوری توجہ کا متقاضی ہے۔
واضح رہے کہ محمد زبیر نے اتر پردیش کے علاقے سیتا پور میں اپنے خلاف درج مقدمہ کو منسوخ کرنے اور اس مقدمے میں ضمانت دینے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔