تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے وفد کی برطانوی نائب وزیر اعظم سے ملاقات
لندن: لندن میں جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے ایک وفد نے برطانوی نائب وزیر اعظم انجیلا رینر سے ملاقات کرکے انہیں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے رہنمائوں اور انجیلا رینر کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں جو مسلسل کشمیریوں کی حمایت اور تحریک حق خودارادیت کی تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہی ہیں۔تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کی زیرقیادت وفد میں کونسلر یاسمین ڈار، یوتھ ونگ کے چیئرمین ذیشان عارف اورتیمور شفیق شامل تھے جبکہ لارڈ واجد خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔راجہ نجابت حسین نے کشمیر کاز کے ساتھ انجیلا رینر کی غیر متزلزل وابستگی اوردوستی کا اعتراف کیا۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لیے ان کے کردارپر اظہار تشکر کیا اور انہیں کشمیری عوام کی ایک مضبوط اتحادی قراردیا۔راجہ نجابت حسین نے کہا کہ اب بطور نائب وزیراعظم انجیلا رینر ایک بااثر عہدے پر فائز ہیں اور تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل ان کی کوششوں کی مکمل حمایت کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بین الاقوامی قانون کی پاسداری کے ذریعے مسئلہ کشمیر پر بامعنی پیش رفت ہوگی ۔کونسلر یاسمین ڈار نے انسانی حقوق خاص طوپر کشمیری عوام کی وکالت اورکمیونٹی کی بہتری کے لئے نائب وزیر اعظم کی کوششوں کی مکمل حمایت کے عزم کااعادہ کیا۔ انجیلا رینر نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی وکالت اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے کردارکا اعتراف کرتے ہوئے وفد کو یقین دلایا کہ وہ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گی اورکشمیری کمیونٹی کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گی۔