مودی کشمیری پنڈتوں کے نام پر سیاست کر رہے ہیں، دہلی میں پنڈتوں کا احتجاج
نئی دہلی11جولائی(کے ایم ایس) مودی حکومت کی جانب سے کشمیری پنڈتوں کی آبادکاری پرسیاست کرنے کے خلاف سینکڑوں کشمیری پنڈتوں نے نئی دہلی کے جنتر منتر پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرین نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں کچھ کشمیری پنڈتوں کی حالیہ ہلاکتوں کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ کیا مودی حکومت کا وقار کا احساس کمیونٹی کے افراد کی جانوں سے بڑھ کرہے؟پنڈت برادری کے حوالے سے مودی حکومت کی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے وشال رینا نے کہاکہ پنڈت کشمیر واپس نہیں جانا چاہتے۔انہوں نے کہاکہ وہ غیر مقامی لوگوں کی حالیہ ہلاکتوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے خوف کے دائمی احساس پر قابو نہیں پا سکتے۔وزیر اعظم پیکیج کے تحت سرینگر کے ایک اسکول میں تعینات رینا نے ایک بار پھر بی جے پی کی قیادت والی حکومت کو ایک ایس او ایس بھیجا ہے۔جنتر منتر پر احتجاجی مظاہرین’ہمیں بچائو، ہمیں جموں منتقل کر دو” جیسے نعرے لگارہے تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کشمیر میں خوف کے ماحول میں واپس جانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں اور واپس جموں جانا چاہتے ہیں جہاں ان کے خاندان ہیں۔ احتجاجی مظاہرے میں شامل ایک اورخاتون نیہا پنڈتا نے کہا کہ وزیر اعظم پیکج مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ پہلے کشمیر میںہمیں ہمارے گھروں کے اندر نشانہ بنایا گیا۔ اب ہمیں دفاتر کے اندر ماراجارہا ہے، سوشل میڈیا پر ناموں اور تصاویر کے ساتھ کھلے عام اہداف کا اعلان کیا جا رہا ہے۔ ہم اس ماحول میں کیسے رہ سکتے ہیں؟ حکومت کو ہمیں جموں واپس بھیجنا چاہیے اور ہمیں جموں ریلیف کمشنر کے دفتر سے منسلک کرنا چاہیے۔لکی نے جو وزیر اعظم پیکج کے تحت ضلع اسلام آباد میں ایک استاد کے طور پر تعینات ہیں، ساتھی مظاہرین کی طرح اپنے جذبات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ”کشمیری پنڈتوںکی جموں منتقلی کو اپنے وقار کا مسئلہ بنانا بند کرنا چاہیے۔”انہوں پوچھاکیا حکومت کا وقار ہماری جانوں سے بڑھ کرہے؟