مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک لاکھ بچے یتیم ہو چکے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد:
پاکستان نے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ہم رواں ہفتے بچوں کا عالمی دن منا رہے ہیں، ایسے میں ہم کشمیری بچوں کی حالت زار کو نہیں بھولیں گے جو بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں جاری مظالم کے نتیجے میں خوف و ہراس کے ماحول میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک ایسے علاقے میں رہتے ہوئے ، جہاں لاکھو ں کی تعداد میں قابض فوجی تعینات ہیں، کشمیری بچے صدمے کا شکار ہیں، جو ان کی نفسیاتی اور ذہنی صحت پر انمٹ نقوش چھوڑ رہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی کارروائیوں کے نتیجے میں ایک لاکھ سے زیادہ بچے یتیم ہو چکے ہیں، ان کی حالت زار بین الاقوامی توجہ کی متقاضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیری بچوں کے حقوق کے لیے اٹھ کھڑے ہوں اور ان کے مصائب کے خاتمے کا مطالبہ کریں۔