پیپلز لیگ کا تنازعہ کشمیر کے مذاکرات کے ذریعے حل پر زور
سرینگر 22ستمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں جموں و کشمیر پیپلز لیگ نے پاکستان،بھارت اور کشمیریوں کی حقیقی قیادت درمیان مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے حل پر زوردیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پیپلز لیگ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ تینوں فریقوں کے درمیان مذاکرات ہی تنازعہ کشمیر کے حل کا بہترین طریقہ ہے جس کی پیپلز لیگ اور حریت قیادت مسلسل حمایت کررہے ہیں ۔ بیان میں کہاگیا کہ تنازعہ کشمیر کے پر امن حل سے جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و سلامتی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی ۔ پیپلز لیگ نے تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔بیان میں بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظر بند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی جلد رہائی کا بھی مطالبہ کیاگیا ہے۔