کانگریس نے جمعہ کو بھارت بھر میں احتجاج کا اعلان کر دیا
نئی دہلی03 اگست (کے ایم ایس) انڈین نیشنل کانگریس نے بھارت میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور ریکارڈ توڑمہنگائی کے خلاف 5 اگست بروز جمعہ ملک بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پارٹی نے احتجاج کے ایک حصے کے طور پردارلحکومت نئی دہلی میں وزیر اعظم مودی کی سرکاری رہائش گاہ کا محاصرہ کرنے اور پارلیمنٹ سے راشٹرپتی بھون (صدر ہاو¿س) کی طرف مارچ کرنے کا منصوبہ بھی بنایا ہے۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے ایک بیان میں کہا کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کے ارکان اور سینئر قائدین بھی اس احتجاج میں شرکت کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کانگریس نے گاو¿ں سے لے کر ضلع کی سطح تک اپنے تمام منتخب عوامی نمائندوں کو بھی اپنے اپنے بلاکس اور ضلع ہیڈکوارٹر میں احتجاج کرنے اور اجتماعی گرفتاری دینے کی ہدایت کر دی ہے ۔
کانگریس حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کے ساتھ 18 جولائی کو مانسون اجلاس کے آغاز سے ہی پارلیمنٹ کے احاطے میں احتجاج کر رہی ہے۔ اپوزیشن رہنما گڈس اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) میں اضافے، بے روزگاری اور مہنگائی پر بحث کا مطالبہ کر رہے ہیں۔