مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اسلام آباد سے یوم استحصال ریلی نکالی گئی
اسلام آباد 05 اگست (کے ایم ایس )
مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم استحصال کے سلسلے میں اسلام آباد میں شاہراہ دستور پر دفتر خارجہ سے Dچوک تک ایک ریلی نکالی گئی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ارکان پارلیمنٹ سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔Dچوک میں ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا یہ تکمیل پاکستان کی جنگ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی نوجوان نسل کو کشمیر کے پاکستان سے رشتہ اور اس کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے۔ہمیں بطور قوم اس عزم کا اعادہ اور تجدید کرنی چاہیے کہ کشمیر کے ساتھ ہمارا عزم لازوال ہے اس میں کبھی کمی نہیں ہوگی۔کشمیری کبھی اس میں کمی نہیں دیکھیں گے۔خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کے طول وعرض میں آج مظاہرے ہورہے ہیں، لیکن یہ کافی نہیں۔ کشمیر کا مسئلہ 75 سال سے ایک رستا زخم ہے اور اس زخم پر مرحم رکھنا پاکستانی عوام کاعزم ہے،صرف مخصوص دنوں میں احتجاج تک محدود نہیں رہنا ،پاکستان کے عوام اس میں کردار کریں۔انہوں نے کہا کشمیر کاز کے لئے ہماری افواج نے جنگیں لڑی ہی ،وہ ورکنگ بائونڈری اور ایل اوسی پرپہرہ دے رہے ہیں ،ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانیوں کو کشمیریوں سے وابستگی کو مزید بہتر طریقے سے اجاگر کرنا ہوگا۔اس موقع پر مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کشمیری عوام سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارتی مظالم برداشت کررہے ہیں اور انہوں نے ایک لاکھ سے زائد انسانی زندگیوں کی قربانیاں دیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہا ر کیا کہ بھارت متنازعہ خطے کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔انہوں نے کہا کشمیریوں کا حوصلہ توڑنے میں ناکامی پر 5 اگست2019 کو کشمیر کی آئینی وقانونی حیثیت تبدیل کرکے اس کی ڈیموگرافی تبدیل کرنی کی کوشش کی گئی۔پاکستان میں ہر حکومت نے اسی عزم کا اظہار کیا ہے اس وقت اس مقدمہ کو مزید بہتر انداز میں عالمی فورمزپر اٹھانے اور اپنی نوجوان نسل کو اس تنازعہ بارے آگاہی کی ضرورت ہے،ہمیں اقوام عالم کو مزید جھنجھوڑنا اور بار بار یہ مقدمہ پیش کرنا ہے۔حکومت،میڈیا،وزارت خارجہ کواس کیس کو جارحانہ انداز میں اٹھانا ہے۔بھارت میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے کشمیریوں کے حوصلے پست کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی تک پاکستان کی حمایت جاری رہے گی۔اس جذبہ کو جاری وساری رکھنا ہے اپنی نوجوان نسل کو اس مسئلہ اور اس کی پاکستان کیلئے اہمیت سے آگاہ کرنا ہے،یہ تکمیل پاکستان کی جدوجہد ہے۔اس موقع پر حریت قیادت،سیکرٹری خارجہ سہیل محمود بھی موجود تھے۔