بھارت نے مظلوم کشمیریوں پرڈھائے جانیوالے مظالم کو چھپانے کیلئے میڈیا پر پابندی عائد کر رکھی ہے ، سیکرٹری اطلاعات
اسلام آباد 05 اگست (کے ایم ایس )
وفاقی سیکرٹری اطلاعات ونشریات شاہیرہ شاہدنے کہاہے کہ مظلوم کشمیریوں کی آوازکو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانے کیلئے مربوط اورمعاون نظام وضع کرنے کی ضرورت ہے اور میڈیا کو مظلوم کشمیریوں کی آواز بننا چاہیے اور بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں ظلم وبربریت کا جو بازار گرم کررکھاہے دنیا کو اس سے آگاہ کرنا چاہیے۔
سیکریٹری اطلاعات نے جمعہ کو یوم استحصال کے سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز کے زیر اہتمام پاک چائنہ سینٹر اسلام آباد میں ایک ڈیجیٹل تصویری اور فن پاروں کی نمائش کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ڈی جی انفارمیشن سروس اکیڈمی،ایم ڈی اے پی پی اختر منیر،ایگزیکٹو ڈائریکٹر اے پی پی عدیلہ رباب کاظمی، ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز کے ڈائریکٹر آصف الرحمن اور دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ شاہیرہ شاہد نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں نہتے اورمعصوم شہریوں پرڈھائے جانے والے مظالم کو چھپانے اورکشمیریوں کی آواز کودبانے کیلئے میڈیا پر پابندیاں عائد کررکھی ہیں اور سوشل میڈیا کو بھی بند کررکھا ہے ، ایسے میں پاکستان کے ذرائع ابلاغ اورمیڈیا پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کی آواز بنے۔انہوں نے زور دیا کہ کشمیریوں پر جاری بھارتی ظلم وبربریت کے حوالے سے وزارت اطلاعات ونشریات کی ذمہ داری ہے کہ ایسا ٹھوس اورمربوط معاون نظام وضع کیا جائے جسکے ذریعے مظلوم کشمیریوں کی آواز دنیا کے کونے کونے میں پہنچائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر ظلم و بربریت کی داستانیں سن کر رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری حریت رہنمایاسین ملک پر قائم جھوٹے مقدمات اور قیدو بند کی صعوبتوں اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو بھی اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔انہو ں نے کہا کہ 5اگست کو عوام کو صرف احتجاج ہی نہیں کرنا چاہئے بلکہ ہر پلیٹ فارم پر کشمیریوں کا مقدمہ موثر انداز میں لڑنا چاہئے۔تقریب میں یوم استحصال کے حوالے سے 5 اگست 2019 کو ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کیلئے آرٹیکل 35اے اور 370 کے خاتمے کے بعد کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و ستم اور کشمیر میں میڈیا کی آزادی پر پابندیوں کے حوالے سے دستاویزی فلمیں پیش کی گئیں جن میں مقبوضہ جموں وکشمیرکے تنازعہ کے تاریخی پس منظر اور5 اگست کے بھارت کے غیرقانونی اقدامات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگرکیا گیا۔سیکرٹری اطلاعات نے بھارتی مظالم کو اجاگرکرنے کیلئے ان دستاویزی فلموں کی تیاری پر ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز کو سراہا۔ انہوں نے ڈائریکٹوریٹ پر زور دیا کہ وہ ان دستاویزی فلموں کے ذریعہ کشمیرکا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کرنے اور مقبوضہ جموں وکشمیرکے عوام کی تکالیف اور مصائب کو اجاگرکرنے کیلئے تمام دستیاب پلیٹ فارمز کو بروئے کار لائے۔