مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارت :مولانا کلیم صدیقی کی گرفتاری علماء کو دہشت زدہ کرنے کی ایک سازش ہے

نئی دلی23ستمبر(کے ایم ایس)
بھارت میں انسداد دہشت گردی اسکواڈ کی طرف سے معروف عالم دین مولانا کلیم صدیقی کی گرفتاری پر شدید تنقید کا سلسلہ جاری ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے ایک بیان میں مولانا کلیم صدیقی کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے انکی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے کہاکہ مولانا کلیم صدیقی نہ صرف مسلمانوں کے درمیان بلکہ غیر مسلم سماج میں بھی عزت و وقار کی حامل شخصیت ہیں۔ موصوف کی گرفتاری نے ایک بڑے طبقے میں بے چینی پیدا کردی ہے۔انہوں نے مولاناکی گرفتاری کو اتر پردیش میں آئندہ انتخابات میں مسلمانوں کے خلاف نفرت بڑھاکنے کی ایک مذموم کوشش قراردیا۔انہوں نے کہاکہ بھارت میں مذہب اور عقیدے پر عمل درآمد اور اس کی تبلیغ، ہر شہری کا بنیادی، انسانی اور دستوری حق ہے۔ انہوںنے کہاکہ مودی حکومت کی طرف سے شہریوں کے بنیادی حقوق اور آزادیوں کو ختم کرنے یا محدود کرنے کی ہر کوشش غیر انسانی و غیر دستوری ہوگی اور ملک کے تمام سنجیدہ شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ ان مذموم کوششوں کی مخالفت کریں۔
ادھر آل انڈیا مسلم مجلس نے بھی انسداد دہشت سکواڈ کی طرف سے مولانا کلیم صدیقی کی گرفتاری کو کھلی آمریت اور علما کو دہشت زدہ کرنے کی ایک کوشش قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیاہے۔ مسلم مجلس کے صدر پروفیسر و ڈاکٹر بصیر احمد خان نے نئی دلی سے جاری ایک بیان میں کہا کہ ہندوستان کے آئین کے تحت ہر کسی کو اپنے مذہب کی تبلیغ کرنے کا حق حاصل ہے او ر اسے دہشت گردی سے جوڑنا ایک گہری سازش ہے۔انہوںنے کہاکہ ملک ہر شخص اپنی مرضی کا مذہب اختیار کرنے کے لئے آزاد ہے اور پر امن تبدیلی مذہب کوئی جرم نہیں ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے مسلمانوں کے مذہبی اور تعلیمی اداروں اور مذہبی رہنمائوں کو بدنام کرنے کی پالیسی پر کاربند ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈیڑھ سال کا عرصہ گذر گیا لیکن نئی دلی میں تبلیغی جماعت کا مرکز بدستور بند ہے۔ اسکے خلاف کورونا پھیلانے کا جھوٹا پروپیگنڈہ کیا گیا لیکن پولیس جو بھارتی وزارت داخلہ کے ماتحت ہے آج تک تبلیغی مرکز کے خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکی۔ ڈاکٹر بصیر خان نو مسلم عالم محمد عمر گوتم اور ان کے ساتھیوں کو تبدیلی مذہب کرانے کے نام پر گرفتار کیا گیا اور اب مولانا کلیم صدیقی کی گرفتاری بھی اسی سازش کی ایک کڑی ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button