مقبوضہ جموں و کشمیر
سرینگر جموں ہائی وے پرگجر، بکروال خاندانوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد
جموں 25ستمبر(کے ایم ایس)غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض حکام نے 270کلومیٹرطویل سرینگر جموں ہائی وے پر خانہ بدوش خاندانوں کے اپنے مویشیوں کے ساتھ پیدل نقل و حرکت پر پابندی لگا دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حکم نامے میں خانہ بدوش خاندانوں اور ان کے مویشیوں کے ہائی وے پر پیدل چلنے پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔ سرینگر جموں ہائی وے واحد راستہ ہے جو کشمیر کو باقی دنیا سے ملاتاہے۔ خانہ بدوش قبائل کے لاکھوں لوگ خاص طور پر گجر اور بکروال ہر سال جموں خطے سے وادی کشمیر کی طرف ہجرت کرتے ہیں جب اپریل-مئی میں جموں کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے لگتا ہے اور پھرسردیوں کے آغاز سے پہلے واپس اپنے علاقوں میں آجاتے ہیں۔