مقبوضہ کشمیر: مودی حکومت نے مزید پانچ سرکاری ملازمین برطرف کر دیے
سری نگر15اکتوبر(کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نریندر مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت نے سیاسی انتقام کی پالیسی کو جاری رکھتے ہوئے آج مزید پانچ کشمیری سرکاری ملازمین کو جاری تحریک آزادی سے وابستگی کی پاداش میں برطرف کر دیا۔
برطرف کیے گئے ملازمین کی شناخت پولیس کانسٹیبل تنویر سلیم ڈار ، بارہمولہ سنٹرل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ کے منیجرآفاق احمد وانی، پلانٹیشن سپروائزر افتخار اندرابی،؛ جل شکتی (پینے کے پانی اور صفائی) محیکمے میں تعینات ارشاد احمد خان،اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے اسسٹنٹ لائن مین عبدالمومن پیر کے طور پر ہوئی ہے۔
پانچوں ملازمین کو آرٹیکل 311 کے تحت برطرف کیا گیا ہے جو بھارتی حکومت کو بغیر کسی تحقیقات کے ملازمین کو برطرف کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
یاد رہے کہ نریندر مودی کی قیادت میں فرقہ پرست بھارتی حکومت اب تک درجنوں سرکاری ملازمین کو جموں و کشمیر پر ناجائز بھارتی قبضے سے آزادی کے لیے کشمیریوں کی جاری تحریک کی حمایت کرنے کے الزام میں برطرف کر چکی ہے۔