مقبوضہ جموں و کشمیر
مقبوضہ کشمیر:دستی بم کے دھماکے میں دو بھارتی مزدور ہلاک
سرینگر 18اکتوبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آج ضلع شوپیاں میں ایک دستی بم کے دھماکے میں دو غیر کشمیری مزدور ہلاک ہو گئے ہیں۔
ضلع کے علاقے ہرمن میں تلاشی کی کارروائی کے دوران دستی بم کے دھماکے میں دو غیر کشمیری مزدور شدید زخمی ہو گئے جو بعدازاں ہسپتال میں زخموںکی تاب نہ لاتے ہو ئے چل بسے ۔
ادھربھارتی فوجیوں نے شوپیاں کے اسی علاقے میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران ایک کشمیری نوجوان کو گرفتار بھی کیاجبکہ ضلع کپواڑہ کے علاقے کرناہ میں بھی ایک فوجی کارروائی کے دوران ایک اور نوجوان کو گرفتار کیاگیا ہے ۔ وادی کشمیر کے علاقوں کپواڑہ ، بارہمولہ ، شوپیاں ، اسلام آباد ، پلوامہ اور کولگام میں بھی تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں جاری تھیں۔