کشمیری عوام حق خودارادیت سے کم کسی چیز پر سمجھوتہ نہیں کریں گے: مشعال ملک
اسلام آباد25اکتوبر(کے ایم ایس )غیر قانونی طورپر نظربند سینئرحریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ اور پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے واضح کیا ہے کہ کشمیری عوام ظلم و بربریت اورریاستی دہشت گردی کے باوجود حق خودارادیت سے کم کسی چیز پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔
مشعال ملک نے منگل کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جدوجہد آزادی کا بنیادی مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارت کے غیر قانونی قبضے سے آزاد کرانا ہے۔انہوں نے کہا کہ بہادر کشمیری عوام بھارتی غلامی کی بیڑیاں توڑنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اوروہ ہر قسم کی قربانیاں دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب مسلسل جنگ جاری ہو تو خطہ کیسے ترقی یافتہ اور خوشحال ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی اقتصادی پالیسی یا بڑے منصوبے تب تک تبدیلی نہیں لا سکتے جب تک خطے میں امن بحال نہ ہو۔مشعال ملک نے کہا کہ معیشت، امن اور سلامتی سب ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت آزاد جموں و کشمیر اورمقبوضہ جموں وکشمیرکا مشترکہ دشمن ہے اورہمیں غلامی کے طوق کو توڑنے کے لئے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں۔ مشعال ملک نے کہا کہ ہمیں اپنی نئی نسل کو تربیت دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی جائز اورمنصفانہ تحریک کو آگے بڑھا سکیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیرکو ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور مقبوضہ وادی میں مخالف آوازوں کو دبانے کے لیے تقریبا 10لاکھ بھارتی فوجیوں کو تعینات کیا گیا ہے۔