APHCمقبوضہ جموں و کشمیر

مودی حکومت نے کشمیریوں کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے، غلام احمد گلزار

سرینگر24 دسمبر (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ آر ایس ایس کی حمایت یافتہ نریندر مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت نے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حق خود ارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو دبانے کے لیے انکے خلاف ایک بھرپور جنگ چھیڑ رکھی ہے۔ ۔
غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت کشمیریوں کو ڈرانے دھمکانے اور انہیں تحریک آزادی سے دستبردار ہونے پر مجبور کرنے کیلئے 10لاکھ سے زائد خونخوار فوجیوں کے علاوہ اپنی انتظامیہ، پارلیمنٹ، تحقیقاتی اداروں، خفیہ ایجنسیوں، فرقہ پرست میڈیا اور متعصب عدلیہ کو استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی کشمیریوں کو حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر سزا دینے کے لیے قتل، وحشیانہ تشدد، املاک کی تباہی، بلا جواز گرفتاری اور خواتین کی بے حرمتی جیسے گھناﺅنے جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں جبکہ کشمیریوں کو ان کی منفرد شناخت، ثقافت، مذہب اور اپنی سرزمین سے محروم کرنے کے لیے مختلف قوانین متعارف کرائے گئے ہیں۔ غلام احمد گلزارنے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی سرزمین چھیننے اور انہیں اپنے ہی وطن میں اجنبی بنانے کے لیے اسرائیلی حربے استعمال کر رہا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما نے متنبہ کیا کہ مختلف بہانوں سے کشمیریوں کی جائیدادوں کی ضبطی اور اراضی قوانین میں ترامیم کشمیریوں کو ذریعہ معاش اور وسائل سے محروم کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جابرانہ ہتھکنڈے اور سازشیں کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام ہو چکی ہیں اور وہ اپنی جدوجہد کو مکمل کامیابی تک جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
غلام احمد گلزار نے کہا کہ کشمیری تارکین وطن اور پاکستان، جو کشمیر کاز کی موثر وکالت کر رہے ہیں، دنیا کو ہندوتوا دہشت گردی کے ابھرتے ہوئے خطرے سے آگاہ کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ہندوتوا دہشت گردی کو روکنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات نہ کیے گئے تو یہ انسانیت کے لیے تباہ کن ثابت ہوگا۔
دریں اثنا، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنماﺅں امتیاز وانی اور محمد سلطان بٹ نے اسلام آباد میں اپنے بیانات میں کہا کہ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم علاقائی اور عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان قوموں جو انسانیت اور انسانی حقوق کی بالادستی پر یقین رکھتی ہیں کو چاہیے کہ آگے آئیں اور انسانیت کو ہندوتوا کی دہشت گردی سے بچانے لیے کردار ادا کریں۔
انہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے تاکہ خطے میں مستقل امن کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button