APHCآزاد کشمیر

اقوام متحدہ کی قرار دادوں پرعملدرآمد ہی مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہے: محمود ساغر

mehmood sagharاسلام آباد 03جنوری(کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کہاہے کہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی مسلسل کارروائیوں میں سال 2022میں ایک خاتون اور پانچ کمسن بچوں سمیت 214بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیاہے ۔
محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ شہید ہونے والوں میں سے 57کو جعلی مقابلوں اور دوران حراست شہید کیاگیا۔ حریت رہنما الطاف احمد شاہ بھی بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں مسلسل غیر قانونی نظربندی کے دوران انتقال کر گئے۔قابض حکام نے لوگوں کو ان کی نماز جنازہ پڑھنے کی بھی اجازت نہیں دی۔انہوں نے کہاکہ فوجیوں، پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں شہادتوںکے نتیجے میں 13خواتین بیوہ اور 35بچے یتیم ہوگئے جبکہ قابض فوجیوں نے10خواتین کی بے حرمتی کی۔ حریت رہنما نے کہاکہ بھارتی فورسز نے 44رہائشی مکانات اور عمارتوں کوبھی تباہ کردیا۔انہوں نے کہاکہ مظاہرین کےخلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کم از کم 134 افراد زخمی ہوئے جبکہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے گھروں پر چھاپوں اور محاصرے اورتلاشی کی کارروائیوں کے دوران حریت کارکنوں ،انسانی حقوق کے کارکنوں، طلبائ، نوجوانوں اور خواتین سمیت 1350 افرادکوگرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 4000سے زائد افراد کالے قوانین کے تحت مقبوضہ جموں وکشمیراور بھارت کی مختلف جیلوں میں نظر بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے تنازعہ کشمیر کی بنیادی حقیقت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ کشمیرکے بارے میں اپنی ظالمانہ پالیسی ترک کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے کر تنازعہ کشمیرکو ہمیشہ کے لئے حل کرے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں پرعملدرآمد ہی مسئلے کا واحد حل ہے۔ حریت رہنما نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے کے لئے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button