مقبوضہ جموں و کشمیر

مودی حکومت گروپ 20کی صدارت کا ناجائز فائدہ اٹھا کر مقبوضہ کشمیرمیں گروپ کا اجلاس منعقد کر رہی ہے

سرینگر10جنوری(کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیری مسلمانوں کی زندگی کا ہر شعبہ بی جے پی کی زیر قیادت ہندوتوا حکومت کے حملوں کی زد میں ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت کے 05اگست 2019کو یکطرفہ اقدامات نے کشمیر یوں پر ظلم و تشددکی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیریوں کو بے اختیار اور حق رائے دہی سے محروم کرنے کیلئے متعددانتظامی، آبادیاتی اور انتخابی اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی آبادکاروں کی پالیسیوں کی طرز پر کئے گئے ہر بھارتی اقدام کا مقصد کشمیری مسلمانوں کی ثقافت، زبان اور مذہبی شناخت کو ختم کرنا ہے۔ غلام احمد گلزار نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی گروپ 20کی صدارت کا ناجائز فائدہ اٹھا کر اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں و کشمیر میںG-20 اجلاس منعقد کر رہے ہیں جو کہ بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی واضح خلاف ورزی ہو گی اور اس سے گروپ 20کے تشخص اور ساکھ کو بھی بری طرح نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم اور مہذب عالمی اقوام سے اپیل کی کہ وہ گروپ20کے ممالک پر زور دیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت کے زیر اہتمام منعقدہ کسی بھی تقریب کا بائیکاٹ کریں کیونکہ اس سے مہذب دنیا کی انسانی حقوق اور انسانیت کی بالادستی کے نظریہ کی نفی ہوگی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button