بھارت دنیا کو گمراہ کرنے کے لیے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انتخابات کا ڈرامہ رچا رہا ہے: جی اے گلزار
سرینگر15جنوری(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ بھارت دنیا کو گمراہ کرنے کے لیے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انتخابات کا ڈرامہ رچا رہا ہے۔
غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ اقتدار یا نام نہاد انتخابات کے لئے نہیں بلکہ حق خودارادیت کے حصول کے لیے پیش کر رہے ہیں جس کا وعدہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں انتخابات ایک فوجی آپریشن کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے بھی کہہ رکھا ہے کہ انتخابات حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہیں ۔ انہوں نے عالمی ادارے پر زور دیا ہے کہ وہ مزید تاخیر کئے بغیر کشمیرکے بارے میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے ۔ غلام احمد گلزار نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز کے بڑھتے ہوئے مظالم بالخصوص محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کی شدید مذمت کی ۔حریت رہنما نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی فورسز نے جموں کے مسلم اکثریتی علاقوں میں پکڑدھکڑتیز کر دی ہے جہاں مسلمانوں کو ہراساںاور گرفتار کیا جا رہا ہے اور ان کی املاک کی توڑ پھوڑ کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت سے آزادی کا مطالبہ کرنے پر کشمیریوں کو سزا دینے کے لیے این آئی اے،ایس آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ جیسے بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی اداروںکو ہتھیار کے طورپر استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایجنسیاں آزادی پسند لوگوں کی جائیدادیں ضبط کررہی ہیں۔ غلام احمد گلزار نے کہا کہ یہ جابرانہ ہتھکنڈے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچلنے میں ناکام رہے ہیں بلکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ تحریک مزید زور پکڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور وہ بھارت کی غلامی سے آزادی حاصل کریں گے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔