یو این جنرل اسمبلی سے عمران خان کے خطاب نے لاکھو ں ناامید کشمیریوں کی امید دی ہے، ڈاکٹر فائی
واشنگٹن 25ستمبر(کے ایم ایس)
واشنگٹن میں قائم ”ورلڈ کشمیر ایوائیر نس فوم “ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کشمیر کے منصفانہ مقصد کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ڈاکٹر فائی نے واشنگٹن میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس سے وزیراعظم عمران خان کے خطاب نے جموں وکشمیر کے لاکھوں نا امید لوگوں کو امید اور طاقت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی سے عمران خان کا خطاب کشمیری عوام کی خواہشات کا حقیقی عکاس تھا اورکشمیر کے حوالے سے ان کا حوالہ حقائق کا بیان ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا خطاب ان کے بیانات سے مطابقت رکھتا ہے جو انہوں نے مختلف مواقع پر دیے ہیں جیسا کہ ”میں نے خود کو کشمیر کا سفیر نامزد کیا ہے اور کشمیر کی آزادی کا مقدمہ آخری دم تک لڑوں گا، میں کشمیر کا معاملہ ہر بین الاقوامی فورم پر اٹھاﺅں گا، میں کشمیریوں کے لیے لڑتا رہوں گا اور ان کے ساتھ کھڑا رہوں گا“۔ڈاکٹر فانی نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان نے عالمی ادارے کو صحیح طور پر آگاہ کیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن جموں و کشمیر کے تنازعہ کے حل سے وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا بیان اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے بیان سے بھی مطابقت رکھتا ہے جو انہوں نے کئی بار دیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تحت حل کیا جانا چاہیے۔