حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کا مشتاق وانی اورڈاکٹر عبدالاعلیٰ کو خراج عقیدت
اسلام آباد 24 اگست (کے ایم ایس)حریت رہنمائوں مشتاق احمد وانی اورڈاکٹر عبدالاعلیٰ کو ان کی برسیوں کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے دفتر میں ایک تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ریفرنس کی صدارت حریت کنوینر محمد فاروق رحمانی نے کی۔ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مشتاق احمد وانی اور ڈاکٹر عبدالاعلیٰ کا شمارکشمیر کی تاریخ میں ان افراد میں کیاجاتا ہے جو اخلاص کے پیکر تھے اور جنہوںنے تحریک آزادی کشمیر کیلئے اخلاص و عزم کے ساتھ کام کیا اور وفاداری اور وفاشعاری کا مظاہرہ کیا۔ حریت رہنمائوںنے مرحوم قائدین کی خدبات کو کشمیری قیادت کیلئے مشعل راہ قرار۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر کے حوالے ان کے کردار اور خدمات کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ انہوںنے تحریک آزادی کیلئے نہ صرف سیاسی و عسکری خدمات انجام دیں بلکہ وہ حریت پسند قوتوں کے درمیان اتحاد و اتفاق اور ہم آہنگی کیلئے پیش پیش رہے ۔ انہوںنے کہاکہ دونوں رہنمائوںنے اپنے سیاسی سفر کا آغازالفتح نامی تنظیم سے کیا جو کشمیر کی آزادی کے لئے قائم کی گئی تھی اور انہوں نے قید وبند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ دونوں رہنمائوںنے تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے ایک ساتھ ترک وطن کیا اور دونوں کی وفات غریب الوطنی میں ہوئی ۔ حریت قائدین نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھارت نے کشمیر میں قتل و غارت کا بازار گرم کررکھا ہے اور آئے روز مختلف علاقوںمیں کریک ڈائونز کے نام پر مختلف علاقوں کا محاصرہ کیاجاتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقو ق کی پامالیاں بند کرانے کیلئے اپنا اہم کردارادا کرے۔ مقررین نے تمام تر مشکلات کے باوجود جدوجہد آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری شہداء کی قربانیوںکو ہرگز رائیگاںنہیں جانے دیاجائے گا ۔ حریت قائدین نے واضح الفاظ میں کہاکہ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ حریت رہنمائوںغلام محمد صفی ، سید فیض نقشبندی ، محمود احمد ساغر ، سید یوسف نعیم ، عبدالمجید میر ، میر طاہر مسعود ،حسن البنا ، شیخ عبدالمتین ، سید اعجاز رحمانی ، رفیق احمد ڈار ، مصطفی محمد حسین ، نثار مرزا ، شیخ محمد یعقوب ، نذیر احمد کرنائی ، امتیاز وانی ، عدیل مشتاق وانی ، ایڈووکیٹ پرویز احمد ، راجہ خادم حسین ، حاجی محمد سلطان بٹ ، کفایت حسین، زاہد صفی ، زاہد اشرف ، گلشن احمد ، دائود یوسف زئی ، مشتاق احمد بٹ ، سید مشتاق حسین ، سید منظور احمد شاہ ، محمد شفیع ڈار اوردیگر نے دونوں رہنمائوںکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ کے وائس چیئرمین الطاف حسین وانی نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میںجدوجہدآزادی کشمیر کیلئے بے مثال قربانیاں اورخدمات پیش کرنے والے ممتا ز آزادی پسند رہنمائوں مشتاق احمد وانی اور ڈاکٹر عبدالاعلیٰ کو ان کی برسیوں کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ دونوں رہنمائوں نے آزادی کے مقدس مشن کیلئے اپنی زندگیاں وقف کر رکھی تھیںاور انہوںنے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے جدوجہد آزادی میں نمایاں کردار ادا کیا جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔