پاکستان
بھارت افغان سرحدوں سے سرگرم دہشت گردوں کو تربیت فراہم کر رہا ہے، وزیر دفاع
اسلام آباد، 01 فروری (کے ایم ایس)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت افغان سرحدوں سے سرگرم دہشت گردوں کو تربیت فراہم کر رہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وزیر دفاع نے ایک نجی ٹیلی ویڑن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک طالبان (ٹی ٹی پی )کے ناراض گروپ افغان سرحدی علاقوں سے اپی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی کے کچھ گروپ افغان سرزمین پر دوبارہ متحد ہو گئے ہیں اور انہوں نے وہاں سے ہماری پولیس چیک پوسٹوں پر حملے کیے ہیں۔
خواجہ آصف نے ٹی ٹی پی کی تربیت کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ٹی ٹی پی گروپ جسے بھارت کی طرف سے بڑے پیمانے پر تعاون فراہم کیا جا رہا ہے امن کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف کامیابی سے جنگ لڑی اور شورش زدہ علاقوں میں امن بحال کیا ۔