بھارتی فوجیوں نے مزید تین نوجوان شہید کر دیے ، تعداد 5 ہوگئی
پی اے جی ڈی کا دفعات 370 اور 35A کی بحالی کا ایک بار پھر مطالبہ
سرینگر 24 اگست (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں آج سوپور قصبے میں تین اور کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیاجس سے گزشتہ 24گھنٹے کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد بڑھ کرپانچ ہوگئی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوںنے نوجوانوں کوقصبے کے علاقے پیٹھ سیر میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ رات سرینگر میں دونوجوانوں کو شہید کیاتھا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ فسطائی مودی حکومت نے خاص طورپر اگست 2019 کے بعد جب بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی، کشمیری نوجوانوں کو فرضی مقابلوں میں شہید کرنے کے لئے اپنی ریاستی دہشت گردی میں تیزی لائی ہے۔ مقبوضہ جموںوکشمیر میںبھارتی پولیس کے سینئر افسروجے کمار نے اعتراف کیا ہے کہ صرف رواں سال میں 100سے زائد کشمیر ی نوجوانوں کو شہید کیا گیا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت کی طرف سے ظلم وبربریت کی تازہ لہرسے اس کایہ دعویٰ بے نقاب ہوگیاہے کہ علاقے میں صورت حال معمول کے مطابق ہے۔انہوںنے واضح کیا کہ کشمیر ی عوام بھارتی تسلط سے مکمل آزادی کے لئے بے مثال قربانیاںدے رہے ہیں۔ حریت رہنما بلال احمد صدیقی نے کہا کہ جس طرح بھارت آزادی پسند قیادت کو بدنام کررہا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو حل نہیں کرنا چاہتا ہے۔
دریں اثناءپیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلیریشن نے آج سرینگر میں منعقدہ اجلاس کے دوران ایک قرارداد منظورکی جس میں دفعہ 370، دفعہ35A اور جموں و کشمیرکی مکمل ریاستی حیثیت کی بحالی کے مطالبے کا اعادہ کیاگیا۔ الائنس کے ترجمان محمد یوسف تاریگامی نے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گروپ نے افسوس کااظہارکیا کہ کشمیریوں کی تذلیل کی جارہی ہے اور بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اس کے بھارت کے لئے خطرناک نتائج ہوسکتے ہیں۔
بی جے پی نے جموںمیں ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی کاپتلا جلایا ۔ مظاہرین نے افغانستان پر طالبان کے قبضے کا حوالہ دینے اور بھارتی حکومت کومقبوضہ جموں وکشمیر میںاسکے اقدامات کے بارے میں تنبیہ کرنے پر محبوبہ مفتی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔
معروف آزادی پسند کارکن اور تحریک حریت جموں وکشمیر کے شہید چیئرمین محمد اشرف صحرائی کے بھتیجے نجم الدین خان مختصر علالت کے بعد آج مظفرآباد میں انتقال کرگئے۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ نے ایک اجلاس میں اور حریت فورم کے رہنماالطاف حسین وانی نے اسلام آباد میں ایک بیان میں آزادی پسند رہنماﺅں ایڈووکیٹ مشتاق احمد وانی اور ڈاکٹر عبدالاعلیٰ کو ان کی برسیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
بھارتی ریاست بہار کے ضلع Gayaمیں 14افراد نے ایک 36سالہ خاتون کی اجتماعی عصمت دری کی ہے ۔ ایک اور واقعے میں مہاراشٹر میں ہندوﺅں کے ایک گروپ نے خواتین سمیت دو دلت خاندانوں کے سات افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے ۔ ہندوﺅںنے انہیں کھمبے کے ساتھ باندھ کر غیر انسانی تشدد کا نشانہ بنایا۔