انجمن اوقاف کا جامع مسجد سرینگرکو15 اکتوبرسے نماز جمعہ کے لیے کھولنے کا فیصلہ
سرینگر13اکتوبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے کہا ہے کہ اوقاف نے15 اکتوبر 2021 کو حضور نبی اکرم ﷺکے یوم ولادت کے موقع پرکورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کے ساتھ جامع مسجد سرینگر کو نماز جمعہ کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انجمن اوقاف نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ جب درگاہ حضرت بل سمیت تمام مساجد ، درگاہیں اور امام بارگاہیں مقدس ماہ ربیع الاول کے پیش نظر نماز کے لیے کھول دی گئی ہیں اور کورونا کیسز میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے تو قابض حکام کے پاس مقبوضہ جموں وکشمیر کی سب سے بڑی عبادت گاہ جامع مسجد سرینگر کو بند رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے ۔ انجمن نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ حکام اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ انجمن اوقاف کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق کی نظربندی کو بھی ختم کیاجائے گا جو گزشتہ 28 ماہ سے غیر قانونی طورپر اپنے گھر میں نظربند ہیں تاکہ وہ صدیوں سے جاری تبلیغ کااپنا فریضہ دوبارہ شروع کرسکیں ۔