جنوبی ایشیا میں مستقل امن تنازعہ کشمیر کے حل سے منسلک ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس
سرینگر25 فروری (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں مستقل امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس کا اظہار کیا کہ نریندر مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے پر تلی ہوئی ہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گردی تیز کر دی ہے اور علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں، قتل، گرفتاریاں، تشدد، املاک کی تباہی، خواتین سے چھیڑ چھاڑ اور دیگر مظالم روز کا معمول بن چکے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کے حل کا مطالبہ کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ اس کی جبر کی پالیسی کشمیریوں کو مرعوب کرنے میں کبھی کامیاب نہیںہو گی۔
ترجمان نے کہا کہ کشمیر خطے میں ایک فلیش پوائنٹ بن چکا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ اور بڑی طاقتیں اس کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارت کو واضح الفاظ میں بتانا چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دینے کے اپنے وعدوں کو پورا کرے۔