بھارت

بھارت : پنجاب میں ہائی الرٹ، احتجاج مظاہرے جاری ، امرت پال سنگھ کی گرفتاری پر ابہام برقرار

چندیگڑھ19مارچ(کے ایم ایس)بھارتی پنجاب میں پولیس نے بتایا ہے کہ سکھوں کی تنظیم” وارث پنجاب دے” کے رہنما امرت پال سنگھ کو مفرور قرار دیا گیا ہے اور ان کی گاڑیاں ضبط کر لی گئی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس نے دعویٰ کیا کہ امرت پال سنگھ کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی گئی ہے جنہیں آخری بار کل شام جالندھر میں موٹر سائیکل پر تیزی سے بھاگتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔حکام نے بتایا کہ پولیس نے پنجاب سے 78افراد کو گرفتار کیا ہے جو”وارث پنجاب دے” کے رکن ہیں جبکہ کئی دیگر کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔پنجابی یونیورسٹی پٹیالہ سے پی ایچ ڈی کرنے والے ایک ریسرچ اسکالر مکھن سنگھ کو بھی پنجاب پولیس نے ان کے گھر سے گرفتارکیاہے۔امرت پال سنگھ کے والد نے صحافیوں کو بتایاکہ پولیس نے تین چار گھنٹے تک ان کے گھر کی تلاشی لی اورانہیں وہاں سے کچھ بھی غیر قانونی نہیں ملا۔ اگرچہ پولیس اس بات سے انکار کررہی ہے کہ امرت پال کو گرفتار کیا گیا ہے، لیکن ان کے ایک قریبی ساتھی نے انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امرت پال کو پولیس نے 3 بجے کے قریب جالندھر سے گرفتار کیا تھا۔ کئی نیوز چینلوں نے بھی ان کی گرفتاری کی خبر چلائی تھی ۔
دریں اثناء پنجاب بھر میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ ریاست میں انٹرنیٹ، ایس ایم ایس سروسز بدستور معطل ہے۔ امرتسر میں امرت پال سنگھ کے گائوں جلو پور خیرا کے باہر بھی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے ان کے والد کو بھی حراست میں لے لیا اور ان سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔”وارث پنجاب دے” کے سربراہ کی گرفتاری پر بدستور کنفیوژن کے باعث پنجاب کے کئی علاقوں میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔وارث پنجاب دے کے خلاف پنجاب پولیس کے کریک ڈائون پر موہالی میں بھی مظاہرے ہوئے۔ مظاہرین امرت پال سنگھ کے بارے میںمعلومات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔برامپٹن کینیڈا میں بھی سکھوں نے سکھ رہنما کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button