جھار کھنڈ:گائے ذبح کرنے پر ہندواتوا بلوائیوں کا مسلم شخص پر وحشیانہ تشدد
بلوائیوں نے پولیس پر حملہ کر کے اسکی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا
نئی دلی 31مارچ(کے ایم ایس)
بھارتی ریاست جھارکھنڈ کے ضلع دھنباد میں ہندوتوا بلوائیوں نے گائے کا گوشت فروخت کرنے پر ایک مسلم شخص کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا ہے جس کے بعد سے علاقے میں حالات کشیدہ ہیں ۔
ضلع کے علاقے دھنباد کے گائو بھرکنڈاباڑی میں ہندوتوابلوائیوں نے مبینہ طورپر گائے کا گوشت کا فروخت کرنے پرایک مسلم شخص تنظیم الانصاری کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور ہنگامہ آرائی کی ۔ حالات قابو کرنے کیلئے جب پولیس علاقے میں پہنچی تو ہندوتوا بلوائیوں نے پولیس پر بھی حملہ کر دیا اور پولیس کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس نے حالات پر قابو پانے کے لیے لاٹھی چارج بھی کیا ہے اورعلاقے کو کنٹرول سنبھالنے کیلئے اہلکاروںکو تعینات کر دیاگیاہے۔پولیس کے مطابق تنظیم انصاری کی طر ف سے اپنے گھر میں گائے ذبح کرنے اور فروخت کیلئے گوشت رکھنے کی اطلاع ملنے پرہزاروں کی تعداد میں ہندوتوا بلوائیوںنے حملہ کر کے اسے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا ۔ بلوائیوں نے تنظیم کے گھر گھس کر توڑپھوڑ بھی کی اور آگ لگا دی ۔بلوائیوں نے تنظیم کے ایک رشتہ دار شہاب الدین کو درخت سے باندھ کو تشدد کا نشانہ بنایا ۔پولیس کی طرف سے علاقے کی صورتحال انتہائی کشیدہ بتائی جاتی ہے ۔