ہم ہندوستانی ہیں ، ہندو نہیں ، مولانا ارشد مدنی نے آر ایس ایس کے سربراہ کے بیان کو مسترد کردیا
نئی دلی 05اگست (کے ایم ایس)
جمعیت علما ہند کے سربراہ مولانا ارشد مدنی نے آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے مسلمانوں سے متعلق حالیہ بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم ہندوستانی ہیں ہندو نہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے دعویٰ کیاتھا کہ ہر ہندوستانی ہندو ہے اور یہ ایک حقیقت ہے۔ جمعیت علما ہند کے سربراہ مولانا ارشد مدنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے موہن بھاگوت کے بیان کو بے معنی اوربلا جواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم ہندوستانی ہیں، ہندو نہیں۔انہوں نے بھارت میں نفرت کے ماحول پر بھی شدید غم و غصے کا اظہار کیا ۔ انہوںنے کہاکہ مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جیسا کہ حال ہی میں ہریانہ کے علاقے نوح اور دیگر مقامات پر ہوا ہے۔مولانا ارشدمدنی نے فسادات کے دوران شرپسندوں کی طرف سے عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی مذہب عبادگاہوں کو تباہ کرنے کی درس نہیں دیتا ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ مذہب کو نفرت اور تشدد کو ہوا دینے کے لیے استعمال کرتے ہیں وہ اپنے مذہب کے سچے پیروکار نہیں ہو سکتے۔