مودی حکومت کی کھوکھلی ترقی بے نقاب
نئی دلی11ستمبر(کے ایم ایس)
انڈین نیشنل کانگریس نے سماجی رابطوں کی سائٹ ”ایکس“( ٹویٹر)پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں نئی دلی میں گروپ 20 سربراہ کانفرنس کے مقام کو زیر آب دکھایا گیا۔ کانگریس نے ویڈیو کے ساتھ لکھا ”مودی حکومت کی کھوکھلی ترقی بے نقاب ہو گئی“۔
ویڈیو میں لوگوں کو زیر آب راہداری سے گزرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔ کانگریس نے ایکس پر ویڈیو کے ساتھ مزید لکھا کہ ”گروپ 20سربراہ کانفرنس کیلئے تیار کردہ بھارت منڈپم پر 2700کروڑ روپے خرچ کیے گئے لیکن محض ایک بارش میں یہ سارا روپیہ ضائع ہوگیا۔
کانگریس کی ترجمان سپریہ شری ناتے نے ایک بیان میں طنزیہ انداز میں کہا کہ ”بارش بھی بین الاقوامی ملک دشمن سازش ہے، یہ کون لوگ ہیں جنہوں نے ڈھیر سارا روپیہ چرا لیا اور ایسا ناقص کام کیا ۔
ادھر کانگریس کی جنرل سیکرٹری پرینکا گاندھی نے بھی ریاست راجستھان کے ضلع ٹونگ میں ایک ریلی سے اپنی تقریر میں کہا کہ ”شائد خوف کے مارے ملک کے لوگ کچھ نہ کہہ پاتے ہوں لیکن خدا نے کہہ دیا، اپنی انا چھوڑو، اس ملک نے تمہیں(مودی) رہنما بنایا ہے ، ملک کو آگے رکھو اور عوام کو اہمیت کو دو۔کانگریس رہنما رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ تقریباً3ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے بنے بھارت منڈپم میں آج ترقی ہلکی سی بارش سے بہتی دکھائی دی۔ کانگریس کے رہنما پون کھیڑا نے بھی ایک بیان میں مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جی20سربراہ کانفرنس کا مقام زیر آب آگیا لیکن میڈیا بالکل خاموش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ”مودی جی آپ نے یہ نہیں سیکھا کہ ملک پر حکمرانی کیسے کرنا ہے لیکن ہم نے آپ سے یہ سیکھ لیا ہے کہ میڈیا کو کیسے اپنی مٹھی میں رکھنا ہے۔