کینیڈا کی بھارت میں اپنے شہریوں کیلئے سفری ہدایات
اوٹاوہ 26ستمبر (کے ایم ایس)
کینیڈا نے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجار کے قتل پر کینیڈا اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی شدیدسفارتی کشیدگی کے دوران بھارت میں اپنے شہریوں کیلئے تازہ سفری ہدایات جاری کی ہے اور انہیں بھارت میں مزید محتاط رہنے کا کہا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ ہدایات بھارت میں احتجاجی مظاہروں اور سوشل میڈیا پر کینیڈا مخالف منفی جذبات کے پیش نظر جاری کی گئی ہے۔ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی طر ف سے 18جون کو برٹش کولمبیا میں اپنے ملک کی سرزمین پر خالصتان لیڈر ہردیپ سنگھ نجار کے قتل میں بھارتی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹوں کے ملوث ہونے کے الزامات کے بعد بھارت اور کینیڈا کے درمیان سفارتی کشیدگی شدت اختیار کر گئی ہے۔گلوبل نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس سے قبل بھارت نے بھی کینیڈا میں مقیم اپنے شہریوں اور طلباء کیلئے اسی طرح کی سفری ہدایات جاری کی تھی اور گزشتہ ہفتے کے آخر میں کینیڈاکے شہریوں کیلئے ویزا سروسز معطل کردی تھی ۔