عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے ،صدر عارف علوی
اسلام آباد:
صدر ڈاکٹر عارف علوی اور برطانیہ کی پارلیمنٹ کے اراکین نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارت میں اقلیتوں پر ظلم وتشدد پرسخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رکوانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی اور کشمیری نمائندوں کے وفد اسلام آباد میں ایوان صدر میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت لیبر فرینڈز آف کشمیر یو کے کے چیئرمین اینڈریو گیوین کر رہے تھے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں بات کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ بھارت مسلمانوں کی نسل کشی، اقلیتوں پر ظلم اور جبر، منی پور میں گرجا گھروں کو جلانے اور تباہ کرنے اور علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر اقلیتی برادریوں کے رہنمائوں کے ماورائے عدالت قتل میں ملوث ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتہا پسند ہندوتوا کے نظریے سے متاثر ہندوستان کی نفسیات بدل رہی ہے جس کا مقصد اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو کمزور کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے اور ان کے ساتھ کسی ناانصافی کی صورت میں فوری کارروائی کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کو اپنی ہی سرزمین کواقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے مقبوضہ جموں وکشمیر کے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے دنیا پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں غیر قانونی آبادیاتی تبدیلیوں کو واپس لینے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے حقوق سے انکار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفد کے سربراہ اینڈریو گیوین نے کہا کہ بھارت کی طرف سے کیے جانے والے تشدد اور بربریت ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیریوں کی حمایت کرتے رہے ہیں، بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر میں عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے سلسلے میں رائے شماری کرانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرکے بھارت وادی کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کر رہا ہے۔ وفد نے ہندوستانی ریاست گجرات اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی حالت زار پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ صدر نے برطانیہ میں مقیم کشمیری اور برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان کی کشمیر کاز کے لئے حمایت کو سراہا ۔