ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حکومت پاکستان نے قومی ٹیم کو بھارت کیخلاف میچ کھیلنے کی اجازت دے دی
آئی سی سی اور دوست ممالک کے درخواست پر پاکستان نے فیصلہ تبدیل کیا

اسلام آباد:ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026میں حکومت پاکستان نے قومی ٹیم کو بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔ اب پاکستان بھارت کے خلاف 15فروری کا میچ شیڈول کے مطابق کھیلے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن رضا نقوی نے پی سی بی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نمائندوں اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان ہونے والی اعلی سطح کی بات چیت کے نتائج کے بارے میں باضابطہ طور پر بریفنگ دی۔ حکومت پاکستان نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی طرف سے پی سی بی کو دی گئی باضابطہ درخواستوں کے ساتھ ساتھ سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور دیگر رکن ممالک سے بات چیت کا جائزہ لیا ۔ مذکورہ خط و کتابت میں پاکستان کی زیر قیادت حالیہ چیلنجز کا قابل عمل حل تلاش کرنے کی کوشش کی گئی۔ حکومت پاکستان بی سی بی کے صدر امین الاسلام کے بیان کا خیر مقدم کرتی ہے۔ ہم برادر ملک بنگلہ دیش کی طرف سے اظہار تشکر کا بڑی گرمجوشی کے ساتھ خیر مقدم کرتے ہیں۔ پاکستان اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ کثیر الجہتی بات چیت و مشاورت کے نتیجے میں حکومت، پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کو 15فروری 2026 کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنے شیڈول فکسچر کے مطابق میدان میں اترنے کی ہدایت کی ہے۔ آئی سی سی اور دوست ممالک کے درخواست پر پاکستان نے فیصلہ تبدیل کیاہے۔ وزیراعظم اور پاکستانی عوام "مین ان گرین” کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ہماری ٹیم کھیل کے جذبے اور قومی فخر سے عالمی سطح پر قومی شان کے لیے میدان میں اترے گی۔






