خصوصی رپورٹ

بھارت کی طرف سے کشمیریوں کو انکا حق خو د ارادیت دینے سے انکار عالمی برادری کیلئے ایک چیلنج ہے

سرینگر26اکتوبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں ہر سال کشمیری 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں تاکہ بھارت کو یہ واضح پیغام دیا جا سکے کہ وہ جموں وکشمیر پر اس کے غیر قانونی تسلط کو مسترد کرتے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کی جانیوالی ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 27اکتوبر جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب بھارت نے 1947میں اس دن کشمیری عوام کی خواہشات کے برخلاف مقبوضہ علاقے میں اپنی فوجیوں اتار کر اس پر غیر قانونی طورپر قبضہ کرلیا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر پر بھارت کے فوجی تسلط سے کشمیریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا اور 27اکتوبر کشمیریوں کے لیے یوم سیاہ اور یوم سوگ کا دن ہے۔پاکستان ہر سال دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کے ساتھ مل کر 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر مناتا ہے کیونکہ یہ دن منانے کا مقصد بھارت پر واضح کرنا ہے کہ کشمیری جموں و کشمیر پر اس کے غیر قانونی تسلط کو ہرگز قبول نہیں کریں گے ۔ یہ دن منانے کا مقصد عالمی برادری کو تنازعہ کشمیر سے متعلق ان کے وعدے یاد دلانا بھی ہے ۔ کے ایم ایس رپورٹ میںواضح کیا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے کشمیریوں کے حق کوتسلیم کیاگیا ہے اور کشمیری اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ7دہائیوں سے زیادہ عرصے گزرنے بعد بھی بھارت مقبوضہ علاقے میں اپنا غیر قانونی تسلط جاری رکھ کر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے اور کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزو ر کرنے کیلئے ظلم و تشدد کا ہر ہتھکنڈہ استعمال کر رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم میں مودی حکومت کے ملوث ہونے کے حوالے سے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کی متعدد رپورٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت کی طرف سے کشمیریوں کوانکا حق خودارادیت دینے سے مسلسل انکار دنیا کے لیے ایک چیلنج ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اتوار کو دبئی میں کھیلے گئے T20 ورلڈ کپ کے ایک میچ میں بھارت کے خلاف پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شاندار فتح کا جشن منانے والے کشمیری طلباء اورطالبات کے خلاف مودی حکومت کی طرف سے مقدمات کے اندراج سے ثابت ہوگیا ہے کہ بی جے پی کی زیرقیادت ہندوتوا پر عمل پیرا بھارت نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر لیے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی حکام نے دوالگ الگ واقعات میں پاکستان کی جیت کا جشن منانے والی سکمز ہسپتال سرینگر اور کیرن نگر میں گورنمنٹ میڈیکل کالج کی طلبہ اور طالبات کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button