امریکہ میں قائم سکھوں کی تنظیم کی طر ف سے پنجاب کی بھارت سے علیحدگی کی حمایت
اسلام آباد 28اکتوبر (کے ایم ایس ) امریکہ میں قائم سکھوں کی ایک تنظیم سکھس فار جسٹس نے خالصتان کے قیام کے لیے پنجاب کی بھارت سے علیحدگی کی حمایت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کی جانیوالی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تنظیم نے بھارت کا ایک نیا نقشہ بھی جاری کیا ہے جس میں نہ صرف پنجاب بلکہ ہریانہ، ہماچل پردیش اور راجستھان اور اتر پردیش کے کئی اضلاع کو خالصتان کا حصہ دکھایا گیا ہے۔امریکہ میں قائم یہ تنظیم 1984میں سکھوں کے قتل عام میں ملوث بھارتی حکومت اور سیاستدانوں کے خلاف ایک طویل قانونی جنگ لڑ رہی ہے اور اس نے ریاست پنجاب کی بھارت سے علیحدگی کے لیے مہم بھی شروع کر رکھی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سکھ برادری کو بھارتی حکومتوں کی طرف سے مسلسل منظم ظلم وتشدد اوراستحصال کا سامنا ہے اور بھارتی فوج کا آپریشن بلیو سٹار بھارت سے سکھ برادری کے منظم خاتمے کا باضابطہ آغاز تھا۔ بھارت میں سکھوں پر مسلسل ظلم وتشدد نے انہیں خالصتان کے لیے جدوجہد کرنے پر مجبور کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق خالصتان تحریک بھارت کے نام نہاد سیکولر چہرے پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے اور خالصتان کے نام سے سکھوں کے لیے ایک علیحدہ وطن نوشتہ دیوار ہے ۔