کشمیری 6نومبر بروز پیر” یوم شہدائے جموں“ منائیں گے
سرینگر:کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کیلئے 06 نومبر بروز پیر یوم شہدائے جموں منائیں گے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز، بھارتی فوجیوں اور ہندو انتہا پسندوں نے1947میں نومبر کے پہلے ہفتے میں لاکھوں کشمیریوں کو جموں کے مختلف حصوں میںاس وقت شہید کیا تھا جب وہ پاکستان ہجرت کر رہے تھے۔ کشمیری ہر برس جموں قتل عام کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 06 نومبر کو”یوم شہدائے“ جموںکے طور پر مناتے ہیں۔
اس روز آزاد جموں و کشمیر کے ساتھ ساتھ پاکستان کے مختلف حصوں اور دنیا کے بڑے شہروں میں بھارت مخالف مظاہروں، سیمیناروں اور دیگر پروگراموںکے ذریعے شہدائے جموںکو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مختلف سماجی، سیاسی، مذہبی اور دیگر تنظیموں کے زیراہتمام خصوصی دعائیہ مجالس کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
نماز فجر کے بعد تمام مساجد میںمقبوضہ جموں و کشمیر کی بھارتی تسلط سے جلد آزادی اور پاکستان اور آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔
دریں اثنا، کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماو¿ں نے شہدائے جموںکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری چھ نومبر کو جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے اپنے عہد کی تجدید کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری گزشتہ کئی دہائیوں سے ایک عظیم مقصد کے لیے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب وہ اپنی منزل حاصل کر لیں گے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں مظالم کے خاتمے کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔