مقبوضہ جموں وکشمیر میں مودی کے دورے کے خلاف مکمل ہڑتال
کل جماعتی حریت کانفرنس کے واحد پلیٹ فارم سے جدوجہد آزادی جاری رکھنے کا عزم
سرینگر24 اپریل (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کے خلاف آج مکمل ہڑتال کی گئی جسکا مقصد ناجائز بھارتی تسلط کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانا تھا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی وزیراعظم اور عالمی برادری کو یہ پیغام دینے کے لیے دی تھی کہ کشمیری اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر پاکستان، آزاد جموں و کشمیر اور لندن سمیت دنیا بھر کے اہم دارالحکومتوں میں مقیم تارکین وطن کشمیریوں نے احتجاجی مظاہرے کیے اور ریلیاں نکالیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ نے کنوینر محمد فاروق رحمانی کی قیادت میں اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے بطو رمہان خصوصی مظاہرے میں شرکت کی۔ مظفرآباد میں برہان وانی چوک پر دھرنا دیا گیا جس میں سیاہ جھنڈے اٹھائے شرکاءنے ”گو مودی گو بیک“ کے نعرے لگائے۔ مودی مخالف مظاہرے کی قیادت کشمیری رہنما عزیر احمد غزالی نے کی۔
مودی کے دورے کے موقع پر مقبوضہ علاقے میں سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے جب کہ بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار بڑی تعداد میں تعینات تھے۔تمام بڑے شہروں اور قصبوں کے علاقوں سرینگر جموںوکشمیر شاہراہ پر گاڑیوں اور مسافروں کی مسلسل کی مسلسل تلاشی لی جاتی رہی۔ تمام تر اقدامات کے باوجود جموں کے علاقےLalianaمیں بھارتی وزیراعظم کی ریلی کے مقام سے چند کلومیٹر دور ایک دھماکے کی آواز سنی گئی۔.
دریں اثنا، جدوجہد آزادی کو مزید مضبوط بنیادوں پر آگے بڑھانے کیلئے حریت کے مختلف دھڑوں سے وابستہ سیاسی رہنماﺅں اور کارکنوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے واحد پلیٹ فارم کے جھنڈے تلے کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بھارت کے بے رحمانہ اقدامات خاص طور پر اگست 2019 میں جموں و کشمیرکے یکطرفہ انضمام ، کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت ہزاروں سیاسی رہنماو¿ں اور کارکنوں کی گرفتاریاں ، بیگناہ لوگوں کا منصوبہ بند قتل، جلاﺅ گھیراﺅ اور مقبوضہ علاقے کے مسلم اکثریتی تشخص کو کمزور کرنے کے مودی کے مذموم ایجنڈے نے تمام گروہوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کی تحریک دی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ، نائب چیئرمین شبیر احمد شاہ اور غلام احمد گلزار نے اتحاد کو سراہتے ہوئے تمام نئے شامل ہونے والے گروپوں پر زور دیا کہ وہ تحریک آزادی کو جنگی بنیادوں پر آگے بڑھانے کے لیے متعلقہ علاقوں میں اپنے سیٹ اپ کو مضبوط کریں۔