سرینگر میں آتشزدگی کے واقعے میں تین رہائشی مکانات جل کر خاکستر
سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ضلع سرینگر کے علاقے سولینہ میں آتشزدگی کے ایک واقعے میں تین رہائشی مکانات جل کر خاکسترہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ آتشزدگی کے واقعے میں تین دو منزلہ مکانات جل کر خاکستر ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ آگ ایک مکان سے شروع ہوئی اور جلد ہی ملحقہ مکانات تک پھیل گئی۔ انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے اور اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔آتشزدگی کے متاثرین کا کہنا ہے کہ ان کا سارا سامان جل کر راکھ ہوگیاہے۔ ایک متاثرہ شخص محمد ایوب ڈار نے بتایاکہ میری بیوی بیمار ہے اور ہسپتال میں داخل ہے۔ جب میں نے اس واقعے کی خبر سنی تو میں ہسپتال میں تھا۔ میرے بھائی کا گھر میرے گھر سے ملحق ہے اوروہ بھی جل گیاہے۔ میری بیٹیوں اور ایک بھانجی کی اگلے سال شادی ہونے والی ہے اور ہم نے ان کے لیے سونا اور کپڑے خریدے ہوئے تھے لیکن آگ میں ہمارا تمام قیمتی سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔