5 اگست مقبوضہ کشمیر اور بھارتی آئین کیلئے ایک سیاہ دن ہے، پی ڈی پی
جموں:
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی نے کہاہے کہ5 اگست 2019 مقبوضہ کشمیر اور بھارتی آئین کیلئے ایک سیاہ دن ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پی ڈی پی کے ترجمان وریندر سنگھ نے جموں میں میڈیا سے گفتگو میں 5اگست2019کو مودی حکومت کی طرف سے بھارتی آئین کی دفعہ 370اور 35Aکی منسوخی کی شدید مذمت کی جس کے تحت جموں وکشمیر کو خصوصی حیثیت حاصل تھی ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت نے ان یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے ان کے آئینی حقوق چھین لیے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس دن مودی حکومت نے جموں و کشمیر کو ایک جیل میں تبدیل کر کے دو حصوں میں تقسیم کر دیا تھا۔انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ پانچ سال گزرنے کے بعد بھی کشمیریوں کی شکایات پر کوئی توجہ نہیں دے رہا جبکہ آئے روز مقبوضہ کشمیر کی صورتحال میں بہتری کے بلند و بانگ دعوے کئے جاتے ہیں ۔ وریندر سنگھ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو اسکی حیثیت سے محروم کئے جانے کے بعد ریاست بہار کو خصوصی حیثیت دینے پر غور کے فیصلے پر بھی کڑی تنقید کی۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں سے انکے حقوق کیوں چھینے گئے ؟ انہوں نے کیا غلط کیاتھا؟انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے جموں و کشمیر کو لوٹا ہے۔ اس ناانصافی کے خلاف ہماری لڑائی جاری رہے گی۔