بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیا ہے:تحریک وحدت اسلامی
سرینگر 14 نومبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں تحریک وحدت اسلامی نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر کے مظلوم کشمیریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تحریک وحدت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی ہندو توا حکومت حق پر مبنی کشمیریوں کی آواز کو دبانے کیلئے جبر وا ستبداد کا ہر ہتھکنڈہ آزما رہی ہے لیکن غیور کشمیری اپنے لاکھوں شہداءکے مقدس مشن کوعزم وہمت کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں اپنی فورسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے اور بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور بی ایس ایف کی 50سے زائدمزید کمپنیوں کی تعیناتی سے علاقے میں قابض بھارتی فورسز اہلکاروں کی تعداد دس لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔ ترجمان نے کہا بھارتی فوجیوں کی اتنی بڑی تعداد میں تعیناتی اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں ایک ہاری ہوئی جنگ لڑرہا ہے اور جذبہ آزادی سے سرشار کشمیری اسے شکست سے دوچار کر چکے ہیں۔ ترجمان نے بھارتی فورسز اور این آئی اے و دیگر بدنام زمانہ تحقیقاتی اداروں کی طرف سے نام نہاد تلاشی کارروائیوں کے دوران شہریوں پر مظالم ڈھانے ،انہیں مشکلات میں مبتلا کرنے اور بے گناہ نوجوانوں کو گرفتارکرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی چیرہ دستیوں پر اپنی مجرمانہ خاموشی توڑ کر انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کا محاسبہ کرے۔ انہوں نے حال ہی میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں سرینگر اورکولگام میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداءکی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔