بڈگام: انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد
سرینگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انجمن شرعی شیعیان نے "بین المذاہب مکالمہ: عصر حاضر میں اس کی ضرورت اور اہمیت” کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بڈگا م میں منعقدہ سیمینار مرحوم امام خمینی ؒ کی 35ویں برسی کی مناسبت سے منعقد کیا کیا ور اس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
سیمینار کے مقررین نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں بین المذاہب مکالمے کی اہمیت پر زور دیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی، نے زور دیا کہ جنونیت سے بچنے اور تکثیریت کو فروغ دینے کے لیے بین المذاہب مکالمہ ناگزیر ہے۔
دیگر مقررین میں سید شمس رحمان، مولانا کرشد احمد قانون گو، نریندر سنگھ خالصہ اور میر شاہد سلیم شامل تھے۔
مہمانوں نے آغا سید حسن موسوی کو بین المذاہب مکالمے اور تعاون کو فروغ دینے کی کوششوں پر مبارکباد دی۔