کشمیری عوام کے حق خود ارادیت اور کشمیری نظربندوں کی حالت زار کو اجاگر کیا جائے گا
اسلام آباد :کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیرشاخ نے کہا ہے کہ جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 56ویں اجلاس کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے ، کشمیری عوام کے حق خود ارادیت اور کشمیری نظربندوں کی حالت زار کو اجاگر کیا جائے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد نے آج جینوا روانہ ہونے سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے کو مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں نظربندکشمیریوں پرڈھائے جانے والے مظالم سے آگا ہ کیا جائے گا تاکہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل بھارت کی بربریت کا نوٹس لے اورکشمیری سیاسی قیدیوں کو رہا کرانے کیلئے اقدامات کرے۔انہوںنے کہا کہ بھارت نے کشمیری سیاسی قیدیوں کے حقوق کوسلب کررکھا ہے اور انہیں علاج و معالجے اور دیگر سہولیات سے یکسر محروم کررکھا ہے جس کی وجہ سے وہ مختلف موذی امراض میں مبتلا ہوچکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے قیدیوں کے حوالے سے عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر کررکھ دی ہیں۔ ایڈوکیٹ پرویز نے کہاکہ بھارت نے کشمیری سیاسی قیدیوں کے عزم کو توڑنے کیلئے اس شدید گرمی کے موسم میں بھی انہیں حبس بے جا میں رکھا ہے اور انہیں ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے تاکہ وہ اپنے پیدائشی حق سے دستبردار ہو جائیں۔انہوں نے کشمیری قیدیوں کے جذبہ حریت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے استقامت اور حق پر قائم رہتے ہوئے کشمیریوں کے سر فخر سے بلند کئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کو کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا فوری نوٹس لینا چاہیے اور بھارتی حکومت پر دبا ئوڈالنا چاہیے کہ وہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ،شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، ڈاکٹر قاسم فکتو، فہمیدہ صوفی، پیر سیف اللہ اورمقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں نظر بندتمام کشمیری رہنمائوں اورکارکنوں کو فوری طورپر رہا کرے۔ حریت رہنماالطاف حسین وانی کی قیادت میں ایک وفد اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 56ویں اجلاس میں شرکت کے لئے جنیوا روانہ ہوا جس میں سردار امجد یوسف، شمیم شال، ایڈوکیٹ پرویز احمد ،ڈاکٹر ولید اور ماریہ اقبال ترانہ شامل ہیں۔