سڑک نہ ہونے کے باعث ڈوڈہ میں مریض کو کندھوں پر اٹھاکر ہسپتال پہنچایا گیا
جموں:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں سڑک اورسفری سہولت کی عدم دستیابی کے باعث مقامی لوگوں نے مریض کو کندھوں پراٹھاکر ہسپتال پہنچایا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع ڈوڈہ کے علاقے تنتا درمن میں ہنگامی حالات کے دوران مقامی لوگوں نے ایک مریض کو کندھوں پر اٹھا کر کئی کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔تنتا درمن کے علاقے میں ابھی تک کوئی سڑک رابطہ نہیں ہے اور لمبی مسافتیں پیدل طے کرنا گائوں کے لوگوں کے لئے ایک معمول ہے۔ ایک مقامی شخص نے بتایاکہ اس ڈیجیٹل دور میںسڑک رابطہ جیسی بنیادی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ ایک اورشخص نے بتایا کہ تنتادرمن تک سڑک کو 2019کے اوائل میں منظور کیا گیا تھا لیکن دفعہ 370کی منسوخی کے بعدبھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت علاقے کے ساتھ ناانصافی کررہی ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیاکہ وانی پورہ سے درمن تک منظور شدہ سڑک کا مجموعی فاصلہ چھ کلومیٹر تھا لیکن ابھی تک ٹھیکیدار نے صرف تین کلومیٹرتک زمین کی کٹائی کروائی ہے جبکہ تعمیراتی کام شروع بھی نہیں ہوا ہے۔