جنیوا : کشمیری وفد کی انٹرنیشنل بارایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر سے ملاقات
مودی حکومت کے عدالتی نظام میں مداخلت کے بارے میں آگاہ کیا
جنیوا
جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے موقع پر کشمیری وفد نے انٹرنیشنل بار ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر مارک ایلس کو بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عدالتی نظام میں مودی حکومت کی منظم مداخلت کے بارے میں آگاہ کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایڈووکیٹ پرویز شاہ، ڈاکٹر ولید رسول اور غزالہ حبیب پر مشتمل کشمیری وفد نے انٹرنیشنل بار ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر مارک ایلس سے ملاقات کی اور مودی حکومت کی عدالتی نظام میں منظم مداخلت کے شواہد پیش کئے۔انہوں نے کشمیریوں کو برسوں تک بغیر کسی شواہد کے جھوٹے مقدمات میں جیلوں میں قید رکھنے کیلئے کالے قوانین پبلک سیفٹی ایکٹ کے استعمال اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون کے حوالے سے بھی بتایا۔وفد نے بتایا کہ کالے قوانین کے تحت قابض فورسز کو مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی کھلی چھوٹ کے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایاکہ کشمیری نظربندوں کی غیر قانونی نظربندی کو طول دینے کیلئے قابض حکام کالے قوانین کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں۔ انٹرنیشنل بار ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے ان انکشافات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔