جموں :شہید عامر کے اہلخانہ نے بیٹے کی آخری جھلک دکھانے کی پیشکش مسترد کر دی
جموں21 نومبر (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکام نے حیدر پورہ جعلی مقابلے میں شہید ہونے والے جموں خطے کے ضلع رام بن کے رہائشی عامر احمد ماگرے کے لواحقین کو اپنے پیارے کی آخری جھلک دکھانے کی پیشکش کی ہے تاہم انہوں نے پیشکش مسترد کرتے ہوئے میت مناسب تدفین کے لیے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عامر کے والد محمد لطیف ماگرے نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہفتہ کی صبح حکام ان کے گھر آئے اور ان سے کہا کہ وہ شمالی کشمیر کے ہندواڑہ جانے کیلئے تیار ہو جائیں تاکہ قبر کشائی کے بعد انہیں عامر کی آخری جھلک دکھائی جاسکے جس کے بعد میت دوبارہ وہیں پر دفن کی جائے گی۔ محمد لطیف ماگرے نے کہا کہ انہوںنے حکام کی یہ پیشکش یکسر مسترد کر کے میت حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوںنے کہا کہ بھارتی حکام میرا جواب سننے کے بعد بغیر کچھ کہے چلے گئے۔