راجہ ظفرالحق کا مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی ابتر صورتحال پر اظہار تشویش
اسلام آباد :کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر شاخ کے ایک وفد نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور موتمر عالم اسلامی کے جنرل سیکرٹری جنرل راجہ محمد ظفر الحق سے آج اسلام آباد میں ملاقات کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت آزاد جموں وکشمیر شاخ کے وفد نے ملاقات کے دوران راجہ محمد ظفر الحق کو بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقو ق کی سنگین پامالیوں کے بارے میں بتایا ۔وفد نے انہیں مودی حکومت کے ان ہتھکنڈوں سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا جو وہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے استعمال کر رہی ہے۔
وفد کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری پرویز احمد شاہ کر رہے ہیں جبکہ وفد میں الطاف احمد بٹ، الطاف حسین وانی، شیخ عبدالمجید اور عبدالحمید لون شامل تھے۔
راجہ محمد ظفر الحق نے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی ابتر صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری عوام کے منصفانہ کازکے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تنازعہ کشمیر کے کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔