APHC-AJK

اسلام آباد ”تنازعہ کشمیر کے حل میں خواتین کے کردار”کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد

APHC-Urd

اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے زیر اہتمام آج اسلام آباد میں ایک سیمینار منعقد کیاگیا ۔ سیمینار میں تنازعہ کشمیر کے حل میں خواتین کے کردارکو اجاگرکیاگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیمینار میں ماہرین تعلیم، میڈیا، وکلا اور سول سوسائٹی سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی، اس موقع پر مقررین نے کشمیری عوام کو درپیش چیلنجز اور ان کی حالت زار کو عالمی سطح پراجاگر کرنے سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا۔سیمینار کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی خواتین ونگ کی سربراہ محترمہ شمیم شال نے کی۔انہوں نے کہاکہ خواتین جنہیں معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے تنازعہ کشمیر کے حل پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ مقررین نے زور دیا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوںکو اجاگر کرنے کیلئے ذرائع ابلاغ کا بھرپور استعمال کیاجانا چاہیے ۔انہوں نے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے ایک مضبوط قانونی نقطہ نظر کی ضرورت پر زوردیا اور تجویز پیش کی کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث بھارتی فوجیوں کے احتساب کے لیے بین الاقوامی قانونی فورمز کو استعمال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کشمیریوں کے بنیادی حقوق کے بارے میں آگاہی پر بھی زور دیا۔مقررین نے تنازعہ کشمیرکے کشمیر یوں کی ثقافتی شناخت، زبان اور روایات پر سنگین اثرات پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کشمیر کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔ شرکا نے کشمیر کے ثقافتی ورثے کو دستاویزی شکل دینے اور اسے فروغ دینے کے اقدامات پر زور دیا تاکہ اسے آئندہ نسلوں کیلئے محفوظ بنایاجاسکے ۔مقبوضہ کشمیرمیں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے مقررین نے کشمیر یوں کے خلاف بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوںکی بین الاقوامی میڈیا کوریج نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔شمیم شال نے اپنے خطاب میں پاکستان کی طرف سے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کی غیر متزلزل حمایت کاشکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو پاکستان اور اس کے عوام سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی تمام سیاسی اور سماجی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے لیے متحد ہو جائیں ۔مقررین میں عظمیٰ گل،سیکرٹری جنرل تحریک جوانان پاکستان جموں و کشمیر سمیرا محبوب قریشی ایڈووکیٹ، عابدہ فرحین، پروفیسررفاہ یونیورسٹی فردوس، شگفتہ عمر، ڈاکٹر فریال، نبیلہ ارشاد ایڈووکیٹ ، صبیحہ زہرہ ایڈووکیٹ ، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی نزہت بھٹی،مسلم لیگ نون کی بلقیس اختر،پیپلز پارٹی کی شاہینہ ڈار، افشا سعید ایڈووکیٹ، بینظیر خان اور دیگرشامل تھیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button